تورغر میں بجلی کے بحران کے خلاف عوامی غم و غصہ، 21 جولائی کو پرامن احتجاج کا اعلان
مشران نے حکومت کو انتباہ کیا: 'صبر کا امتحان نہ لیں، فوری بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں' — تھاکوٹ گریڈ اسٹیشن کے سامنے دھرنے کا فیصلہ

تورغر میں جدباء کے علاقے بیرہ میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور عوام کے ساتھ ناروا سلوک کے خلاف دوسرا اہم جرگہ منعقد ہوا۔ جرگہ "جرگہ ہال ضلع تورغر” میں منعقد ہوا، جس میں علاقے کے معتبر مشران، نمائندوں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
جرگے میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اگر تورغر کے عوام کو ان کا بنیادی حق — بجلی کی فراہمی — فوری طور پر یقینی نہ بنایا گیا تو اکیس جولائی بروز پیر کو تھاکوٹ گریڈ اسٹیشن کے سامنے پرامن احتجاج کیا جائے گا۔
جرگہ کے شرکاء نے واضح کیا کہ یہ احتجاج مکمل طور پر پرامن ہوگا، تاہم جب تک عوام کو ان کا آئینی حق نہیں دیا جاتا، تب تک دھرنا جاری رکھا جائے گا۔
جرگے کے مشران نے متعلقہ حکام اور صوبائی حکومت کو خبردار کیا کہ عوام کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے اور فوری طور پر تورغر کو بجلی کی منصفانہ فراہمی یقینی بنائی جائے۔
جرگے میں شرکت کرنے والوں میں:
تحصیل ناظم جدباء حاجی محمد
پختونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع تورغر کے صدر زاہد خان
سابق صوبائی امیدوار جماعت اسلامی فرمان اللہ خان
دیگر اہم مشران اور ذمہ داران شامل تھے۔
آخر میں تورغر کے تمام نوجوانوں اور مشران سے اکیس جولائی کے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: بشام میں ٹرانسمیشن لائنز کے خلاف گرینڈ جرگہ، مقامی لوگوں نے مزاحمت کا اعلان کیا



