ایبٹ آباد میں شوہر نے بیوی کو گولی مار کر قتل کر دیا
میاں بیوی کے جھگڑے کے بعد واردات ہوئی، مقتولہ حال ہی میں میکے سے واپس آئی تھی
ایبٹ آباد کے علاقے خٹک میرا سلہڈ میں ایک المناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے اپنی 20 سالہ بیوی کو پستول سے گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق، ملزم حمزہ بن صابر نے ذاتی عداوت کے باعث یہ قتل کیا، جس کی وجہ میاں بیوی کے درمیان گزشتہ کئی دنوں سے جاری ناراضگی بتائی گئی۔
مقتولہ گزشتہ 11 سے 12 دنوں سے اپنے میکے میں مقیم تھی اور صرف گزشتہ روز ہی اپنے شوہر کے گھر واپس آئی تھی۔ واقعے کے بعد مقتولہ کی لاش کو ایبٹ آباد ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔
تھانہ کینٹ کے ایس ایچ او کیڈٹ عبدالغفور قریشی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو واقعے کے صرف ایک گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ضلعی پولیس سربراہ عمر طفیل (PSP) کی زیرقیادت ایبٹ آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے، اور اس واقعے میں فوری انصاف یقینی بنایا گیا ہے۔
پولیس نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے بروقت اطلاع دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: دارالامان ایبٹ آباد کے خلاف الزامات بے بنیاد قرار، تحقیقاتی کمیٹی رپورٹ



